جمعہ ،5 جون 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

بھارت انٹرنیشنل انکوائری سے بھاگ رہا ہے، ہم بار بار یہ دعوت دے رہے ہیں کہ سفارت کاری سے ہی مسئلے کو حل کیا جائے: بلاول بھٹو زرداری

مودی کا بھارت انتہا پسندی کی طرف بڑھ رہا ہے

Editor

ایک سال قبل

Voting Line

بھارت ہر دہشت گردی واقعے کے بعد پاکستان پر الزام لگا دیتا ہے، غیر ذمہ دار ریاست ہے: بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر یا دنیا کے کسی بھی کونے میں دہشت گردی کا واقعہ ہو، بھارت فوراً پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دیتا ہے۔ بھارت نے بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ ایک غیر ذمہ دار ریاست ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ تمام تیاریاں مکمل ہیں، بھارت نے ایک خطرناک محاذ کھول دیا ہے، آگے کیا ہوگا کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ اب ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ الزام تراشی جاری رکھنی ہے یا مل بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالنا ہے تاکہ خطے کو اس بحران سے نجات دلائی جا سکے۔

انہوں نے حکومت کے اس فیصلے کو سراہا کہ بھارت کو نیوٹرل انکوائری کا چیلنج دیا گیا۔ بلاول نے کہا، "آئیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے، بھارت بین الاقوامی تحقیقات سے بھاگ رہا ہے۔ ہم بار بار سفارت کاری سے مسئلے کے حل کی دعوت دے رہے ہیں۔"

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دونوں ممالک کی انٹیلیجنس ایجنسیاں مل کر کام کریں اور ایسے واقعات کے سہولت کاروں کو بے نقاب کریں۔ بھارت نہ سنجیدگی سے بات کرنا چاہتا ہے اور نہ تعاون پر آمادہ ہے۔

انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "مودی کا بھارت انتہا پسندی کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے اثرات پاکستان اور پورے خطے پر مرتب ہو رہے ہیں۔ بھارت نے وہ اقدام کیا ہے جو کسی جنگ میں بھی نہیں کیا جاتا، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔"

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدہ عالمی سطح پر ایک مثال کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، لیکن بھارت نہ بین الاقوامی قانون مانتا ہے اور نہ اقوامِ متحدہ کی اتھارٹی۔ بھارت کی طرف سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو دنیا تسلیم نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں، لیکن ہم اپنے ہمسائے تبدیل نہیں کر سکتے۔ عالمی طاقتوں کی چپقلش میں بھارت خوشی خوشی شامل ہو رہا ہے اور اس سے فائدہ بھی اٹھا رہا ہے۔

بلاول نے زور دیا کہ "ہمیں اسی خطے میں رہنا ہے، ایک دوسرے کے ساتھ رہنا ہے، اس لیے ہمیں چاہیے کہ کسی کے آلہ کار نہ بنیں۔"

 

Comments

No comments yet.

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry