جمعہ ،5 جون 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

سندھ کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں: بلاول بھٹو زرداری کا حکومت کو متنازعہ کینال منصوبہ واپس لینے کا انتباہ

"مجھ سے پہلے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی یہ جنگ لڑی تھی،" انہوں نے کہا، یاد دلاتے ہوئے کہ اس وقت بھی حیدرآباد کے ساتھ ساتھ لاہور، ملتان، خیبرپختونخواہ اور کوئٹہ کے جیالے قافلوں کی شکل میں باہر نکلے تھے

Editor

ایک سال قبل

Voting Line

حیدرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو واضح انداز میں متنبہ کیا ہے کہ اگر دریائے سندھ پر چھ نئے کینالوں کی تعمیر کا متنازعہ منصوبہ واپس نہیں لیا گیا تو پیپلز پارٹی کا وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے دوٹوک موقف میں کہا کہ اگر انہیں حکومت اور عوام کے درمیان کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا، تو وہ ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے اس موقع پر این اے 213 کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر عمرکوٹ کی عوام کا شکریہ بھی ادا کیا، جہاں پارٹی نے 17 سیاسی جماعتوں کو شکست دی تھی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کی جدوجہد انہیں ورثے میں ملی ہے۔ "مجھ سے پہلے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی یہ جنگ لڑی تھی،" انہوں نے کہا، یاد دلاتے ہوئے کہ اس وقت بھی حیدرآباد کے ساتھ ساتھ لاہور، ملتان، خیبرپختونخواہ اور کوئٹہ کے جیالے قافلوں کی شکل میں باہر نکلے تھے۔

انہوں نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی متنازعہ کینال منصوبہ کی مخالفت اس لیے کر رہی ہے کیونکہ اس سے وفاق کو خطرہ ہے۔ "عین اس وقت جب دہشت گرد تنظیمیں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں حملے کر رہی ہیں، اور پورے ملک میں دہشت گردی کی آگ لگی ہوئی ہے، انہوں نے ایک ایسا موضوع چھیڑ دیا ہے جس سے بھائی کو بھائی سے لڑنے کا خطرہ ہے اور وفاق کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے اور سب سے بڑھ کر ہمارے پیاسے مر جانے کا خطرہ ہے۔"

پیپلز پارٹی چیئرمین نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے اس کی پالیسیوں کو کسان دشمن اور زراعت دشمن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبوں کو روکا ہے کہ وہ کسانوں سے گندم خرید نہ کریں اور نہ ہی انہیں سبسڈی دیں، جبکہ زرعی شعبے پر ٹیکسوں کی بھرمار کر دی گئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں پانی کی پہلے ہی قلت موجود ہے، اور ایسے حالات میں نئے کینالز بنانے کا کیا مطلب ہے؟ "میں کیوں نہیں چاہوں گا کہ تھرپارکر اور چولستان میں ترقی ہو، مگر دریائے سندھ پر سودا نہیں کروں گا،" انہوں نے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ پیپلز پارٹی نے متنازعہ کینال منصوبے کے خلاف صوبائی اسمبلی میں قرارداد منظور کروائی ہے اور قومی اسمبلی میں آواز اٹھائی ہے، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری بھی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں اس منصوبے کو مسترد کر چکے ہیں۔

خطاب کے اختتام پر، بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی 25 اپریل کو سکھر میں جلسہ کرے گی اور متنازعہ نہری منصوبے کے خلاف احتجاج کرے گی۔ انہوں نے عوام کو اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں شریک ہو کر دریائے سندھ کو بچانے کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔

Comments

No comments yet.

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry