جمعہ ،5 جون 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

وفاقی حکومت سے پیپلز پارٹی کے معاملات سنگین ہیں، دہونس دہمکیوں سے کام نہیں چلے گا: شازیہ مری

پیپلز پارٹی، ن لیگ، سیاست

ایک سال قبل

Voting Line

کراچی (29 دسمبر 2024) پاکستان پیپلز پارٹی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر منعقد تاریخی جلسہ عام میں اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ملک و عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے اٹھائے گئے معاملات کو پاکستان کی عوام کے حقیقی نمائندے کی تشویش قرار دیا ہے۔ پی پی پی پارلیامینٹرین کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے میڈیا سیل بلاول ہاوَس کے انچارج سریندر ولاسائی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آئیں بائیں شائیں کی سیاست نہیں کرتے، کھری بات کرنے والے لیڈر ہیں۔ پاکستانی عوام تکلیف میں ہوگی تو بلاول بھٹو زرداری آواز تو اٹھائیں گے۔ پی پی پی پارلیامینٹرین کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے پیپلز پارٹی کے معاملات سنگین ہیں، حکومتی دہونس دہمکیوں سے کام نہیں چلے گا۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، شازیہ عطا مری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 17 ویں یوم شہادت کے موقع پر ملک کے کونے کونے سے بھرپور عوامی شرکت نے ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس جذبے و عزم کے ساتھ لوگ گڑھی خدابخش میں آئے تھے، یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ یہی لوگ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ شازیہ عطا مری کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے متعلق حکومتی رویہ پر پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی تقریر میں درست فرمایا تھا کہ پاکستان کے عوام سیاسی و معاشی استحکام، مہنگائی و غربت سے چھٹکارہ اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بیان کردہ اعداد و شمار تو زبردست ہیں، لیکن اس کے نتیجے میں عوام کو سہولیات دستیاب ہوتی نظر نہیں آرہیں۔ شازیہ مری نے اسٹیک ہولڈر کو اعتماد میں لیئے بغیر یکطرفہ فیصلے کرنے کے وفاقی حکومت کے رجحان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب اس طرح کے اقدام کیئے جاتے ہیں تو اس کے بہت خطرناک نتائج نکلتے ہیں۔ انہوں نے دریائے سندھ سے 6 نئے کئنالز نکالنے کے یکطرفہ فیصلے کو ارسا ایکٹ اور 1991ع کے پانی اکارڈ کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ 1991ع اکارڈ کو جب جب مس یوز کیا جاتا ہےتو پیپلز پارٹی نے آواز اٹھایا ہے۔ شازیہ مری نے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جانب سے ملک کو جوہری ٹیکنالاجی اور میزائیل ٹیکنالاجی فراہم کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر تمام تر مشکل حالات کے باوجود پاکستان میں ایک مضبوط ملک بن کر کھڑا ہے تو اس کا سبب ان قائدین کی جانب سے اٹھائے گئے مذکورہ بالا اقدام بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی یہ بات بلکل درست ہے کہ اگر پاکستان کے جوہری اثاثوں اور میزائیل ٹیکنالاجی کو خطرہ ہوگا تو پوری قوم کو مِل کر ان کے دفاع کے لیے یکجا ہونا پڑے گا۔ ایم این اے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ جب امریکا میں اسرائیل کے سب سے زیادہ حمایت کرنے والے لوگ پاکستان کے دفاعی اثاثوں کے خلاف باتیں کرتے ہیں تو یہاں ملک میں اُن کے ہمنوا شادیانے بجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے سب سے بڑے حامی لوگ پاکستان کی میزائیل ٹیکنالاجی پر پابندیاں لگانے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ایک قیدی کی حمایت بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعتاً عمران خان سمجھتے ہیں کہ اس کی حمایت میں بات کرنے والے لوگ پاکستان کے دفاعی اثاثوں پر پابندیاں لگاکر غلط کر رہے ہیں، تو اسے اس عمل کی کُھل کر مذمت کرنا چاہیے۔ لیکن عمران خان نے تاحال اس طرح کی مذمت نہیں کی۔ لیکن ہم پاکستان کے مفادات پر کسی کو سودیبازی کرنے نہیں دیں گے۔ شازیہ عطا مری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تاحال سی سی آئی کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا، جو آئینی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی جانب سے پی ایس ڈی پی میں سب سے کم منصوبے سندھ کو دیئے گئے ہیں۔ سندھ کو صرف 7 منصوبے دیئے گئے ہیں، جن کی کُل لاگت 77.2 بلین روپے ہے، جبکہ پنجاب کے لیے 34 منصوبے اور ان کی لاگت 693.4 بلین روپے ہے۔بلوچستان کے لیے 21 اور خیبرپختونخواہ کے لیے 30 منصوبے ہیں۔ پی پی پی ایم این اے شازیہ مری نے وفاقی وزیر برائے توانائی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا رویہ انتہائی متکبرانہ ہے، جبکہ ان کہ ایوان میں بھی ان کا رویہ غیرسنجیدہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ وزیر ایوان میں تسلیم کرچکے ہیں کہ وہ پارلیمان کے اندر پہلے غلط اور پہر درست جواب دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور اس کے وزراء کو سمجھنا چاہیے کہ اگر پیپلز پارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست میں یقین نہیں رکھتی، تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ کمزور ہے۔ پی پی پی پارلیامینٹرین کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے پارا چنار کی صورتحال پر وفاقی حکومت اور وہاں کی صوبائی حکومت کے رویے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وفاق اور خیبرپختونخواہ کی حکومتوں نے پارا چنار کی عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry