پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملہ پر بنائی گئی دستاویزی فلم ریلیز
دستاویزی فلم میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملہ ناکام بنانے والے پولیس جوان اور افسران نے خودحصہ لیا ہے اور ایکٹنک کی ہے۔
کراچی، 20 ستمبر 2025:
پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے پر بنائی گئی دستاویزی فلم "پاکستان اسٹاک ایکسچینج – دی پولیس اسٹوری" کا پریمیئر کراچی کے مقامی سینیما میں منعقد ہوا۔ یہ فلم سندھ پولیس اور راوا ڈاکیومینٹری کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔
تقریب میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن مہمانِ خصوصی تھے جبکہ ایڈیشنل آئی جیز، زونل ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، اے آئی جیز، پولیس افسران، جوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم دراصل اسٹاک ایکسچینج دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں شہید اور غازی پولیس افسران و جوانوں کی جرات اور قربانیوں کو اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راوا کی جانب سے بنائی گئی یہ دستاویزی فلم بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے جس پر میں بریگیڈیئر طارق اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کے بہت سے مثبت کام عوام تک نہیں پہنچ پاتے، مگر اس فلم نے پولیس کے روشن چہرے کو اجاگر کیا ہے۔ دنیا بھر میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سیریلز اور فلمیں بنتی ہیں جن سے عوام میں اداروں کا مثبت تاثر قائم ہوتا ہے، یہ ڈاکیومینٹری بھی اسی تسلسل کی ایک بہترین مثال ہے۔
تقریب میں راوا کے سی ای او بریگیڈیئر طارق نے سپاسنامہ پیش کیا اور سندھ پولیس کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ اور راوا ٹیم کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
شرکاء نے تقریب کے اختتام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی بہادری کو سراہا۔
یہ دستاویزی فلم سندھ پولیس اور راوا کے آفیشل فیس بک پیج پر بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
No comments yet.