ہندوستان کے خلاف جنگ اور بیانئے کے میدان میں تاریخی کامیابی اس یوم آزادی کی سب سے بڑی خوشی ہوگی:بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین نے ہدایت دی کہ اس سال یوم آزادی کو بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی کے جشن کے طور پر منایا جائے اور اس موقع پر سندھ حکومت خصوصی اقدامات کرے۔
کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سندھ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین نثار کھوڑو کی ملاقات، ملاقات میں پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ بھی موجود تھے۔ نثار کھوڑو نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سندھ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی، بریفنگ کے مطابق ایک سال میں وفاقی و صوبائی مختلف اداروں سے 20 ارب روپے سے زائد کی ریکارڈ ریکوری کی گئی، جن میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، کے الیکٹرک، اسٹیل ملز اور پاکستان مشین ٹول فیکٹری سمیت دیگر ادارے شامل ہیں، آڈیٹر جنرل نے بھی اعتراف کیا کہ ماضی میں اتنی بڑی ریکوری نہیں ہوئی۔
نثار کھوڑو نے بتایا کہ بڑے اداروں سے سندھ حکومت کی واجب الادا رقم کی ادائیگی کو ممکن بنایا گیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ایک آئینی احتسابی ادارہ ہے جس کا فعال ہونا خوش آئند ہے۔ وقار مہدی نے بلاول بھٹو کو پارٹی کی تنظیمی صورت حال پر بریفنگ دی، جبکہ عاجز دھامرا سے بھارتی آبی جارحیت کے خلاف بیانئے پر بات چیت ہوئی۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ سندھ میں نچلی سطح تک تنظیم سازی مکمل کرکے رابطہ مہم شروع کی جائے۔
دریں اثنا چیئرمین پیپلزپارٹی سے سندھ اسمبلی میں پارٹی کے چیف وہپ اور وزیر ایکسائز مکیش کمار چاولہ نے بھی ملاقات کی، جس میں اسمبلی اراکین کی حاضری اور کارکردگی سے آگاہ کیا گیا۔ مکیش چاولہ نے بتایا کہ نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ نے 7 ارب روپے مالیت کی منشیات ضبط کی، جبکہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت گاڑیوں کی سیکیورٹی فیچر نمبر پلیٹس اپڈیٹ کرنے کی مہم تیز کردی گئی ہے، جس سے صوبے میں سیکیورٹی کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کے لیے سیکیورٹی نمبر پلیٹس کی ڈیڈ لائن 14 اگست سے بڑھا کر 31 اکتوبر کردی جائے، جس پر عملدرآمد کا اعلان کردیا گیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سندھ کے وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے بھی ملاقات کی اور اپنے محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی چیئرمین بلاول سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین نے ہدایت دی کہ اس سال یوم آزادی کو بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی کے جشن کے طور پر منایا جائے اور اس موقع پر سندھ حکومت خصوصی اقدامات کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف جنگ اور بیانئے کے میدان میں تاریخی کامیابی اس یوم آزادی کی سب سے بڑی خوشی ہوگی۔
No comments yet.