خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری کا بچوں کو دودھ پلانے کے عالمی ہفتے کے موقع پر خصوصی پیغام
"ماں کے دودھ کے متبادل کی مارکیٹنگ پر سخت ضوابط نافذ ہونے چاہیئیں تاکہ ماؤں کو غیرجانبدار اور سائنسی بنیاد پر معلومات فراہم کی جاسکیں۔"
کراچی (نمائندہ خصوصی) خاتون اول اور رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بچوں کو دودھ پلانے کے عالمی ہفتے کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں ماں کے دودھ کی اہمیت اور فوائد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ "دودھ پلانا ہمارے بچوں کو تحفظ دینے کے چند فطری اور مؤثر ترین طریقوں میں سے ایک ہے۔"
بی بی آصفہ نے کہا کہ "پہلے چھ ماہ تک صرف ماں کا دودھ اور بعد کے دو سال تک دودھ کے ساتھ مناسب غذا دینا بچوں کی قوتِ مدافعت اور ذہنی نشوونما کو بہتر بناتا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "دودھ پلانے والی خواتین میں چھاتی اور بیضہ دانی کے کینسر کا خطرہ نمایاں طور پر کم ہو جاتا ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ وہ مائیں جو ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر بچوں کو دودھ نہیں پلاتیں، انہیں بھی وہی عزت اور احترام دیا جانا چاہیے جو دودھ پلانے والی ماؤں کو حاصل ہے۔
بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ "ماں کے دودھ کے متبادل کی مارکیٹنگ پر سخت ضوابط نافذ ہونے چاہیئیں تاکہ ماؤں کو غیرجانبدار اور سائنسی بنیاد پر معلومات فراہم کی جاسکیں۔"
انہوں نے اداروں سے اپیل کی کہ وہ ماؤں کے لیے مخصوص جگہیں فراہم کریں تاکہ دودھ پلانے کی حوصلہ افزائی ہو اور ماں کے دودھ کا متبادل استعمال کرنے کے دباؤ میں کمی آئے۔
بی بی آصفہ بھٹو زرداری کا یہ پیغام صحت عامہ، ماں اور بچے کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتی عزم کا عکاس ہے۔
No comments yet.