بلوچستان اسمبلی میں ویمن پارلیمنٹری کاکس اور یو این ویمن کے اشتراک سے قانون سازی و وکالت پر ایک روزہ تربیتی نشست کا کامیاب انعقاد
نشست کی صدارت بلوچستان اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر اور ویمن پارلیمنٹری کاکس کی چیئرپرسن محترمہ غزالہ گولا نے کی۔
کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے کمیٹی ہال میں ویمن پارلیمنٹری کاکس بلوچستان صوبائی اسمبلی اور یو این ویمن کے اشتراک سے ایک روزہ تربیتی نشست کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس بامقصد نشست کا مقصد قانون سازی، نگرانی، احتساب اور صنفی ذمے دار پالیسی سازی کے عمل کو بہتر سمجھنے اور اس میں عملی مہارت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔
نشست کی صدارت بلوچستان اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر اور ویمن پارلیمنٹری کاکس کی چیئرپرسن محترمہ غزالہ گولا نے کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ یہ نشست نہ صرف خواتین کی سیاسی شمولیت کے لیے ایک مثبت قدم ہے بلکہ سول سوسائٹی کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے اور قانون سازی کو ہر طبقے کا ترجمان بنانے کے لیے بھی اہم ہے۔ انہوں نے یو این ویمن کی مسلسل معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس شراکت داری سے صنفی مساوات کی پالیسی سازی کو تقویت ملی ہے۔
سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ نے قانون سازی، پارلیمانی کمیٹیوں، بل ٹریکنگ اور اسمبلی کی کارروائی پر مفصل بریفنگ دی، جبکہ وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ خواتین کا کردار نمایاں کرنے کے لیے ایسے تربیتی سیشنز کا تسلسل ناگزیر ہے۔
نشست میں سول سوسائٹی، ترقیاتی اداروں، خواتین ارکانِ اسمبلی، اور متعلقہ شعبوں کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ سوال و جواب کے خصوصی سیشن میں سول سوسائٹی کی جانب سے تعاون کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
یو این ویمن بلوچستان کی سربراہ عائشہ ایوب ودود نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ شراکت داری بلوچستان میں صنفی حساس حکمرانی کو مضبوط بنانے کا بہترین موقع ہے۔
تقریب کے اختتام پر رکن اسمبلی اور ویمن پارلیمنٹری کاکس کی ڈپٹی سیکرٹری شاہدہ رؤف نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس تربیتی نشست کو پارلیمان اور عوام کے درمیان ایک پائیدار ربط کا پیش خیمہ قرار دیا۔
No comments yet.