صدر مملکت آصف علی زرداری کا شہید بینظیر بھٹو کی ۷۲ ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام
"شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت، انسانی وقار اور خواتین کے حقوق کے لیے ناقابل فراموش جدوجہد کی۔"
صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ۷۲ ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی قومی خدمات اور عظیم قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ "شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت، انسانی وقار اور خواتین کے حقوق کے لیے ناقابل فراموش جدوجہد کی۔"
انہوں نے کہا کہ شہید بی بی نے آمریت کے خلاف جرات اور استقامت کے ساتھ مزاحمت کی اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کی تحریکوں کی قیادت کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ "شہید بی بی قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی تھیں۔"
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیاں، وژن اور عوام سے گہری وابستگی پاکستان پیپلز پارٹی کا اجتماعی ورثہ ہیں۔
صدر نے کہا کہ "شہید بی بی خواتین کی سماجی اور معاشی خودمختاری کی علمبردار رہیں۔"
صدر آصف زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ "ہم شہید محترمہ کے وژن سے رہنمائی لیتے ہوئے جمہوریت کو مستحکم کریں گے۔"
انہوں نے کہا کہ شہید بی بی پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی آواز تھیں اور ایک پرامن، خوشحال پاکستان کی خواہاں تھیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ "ہم شہید بی بی کے اصولوں پر کاربند رہ کر ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔"
آخر میں صدر نے کہا کہ "شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی فکر آج بھی ایک منصفانہ اور جمہوری معاشرے کے قیام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔"
No comments yet.