جمعہ ،5 جون 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

بلاول کی للکار: سفارتی فتح، کشمیر عالمی مسئلہ، دریائے سندھ پر جنگ کی دھمکی

بلاول کی للکار: سفارتی فتح، کشمیر عالمی مسئلہ، دریائے سندھ پر جنگ کی دھمکی

Editor

11 ماہ قبل

Voting Line
 
 
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سفارتی محاذ پر پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی ہے اور عالمی میڈیا پر بھی پاکستان کا بیانیہ غالب آگیا ہے کیونکہ پاکستان سچ کے ساتھ کھڑا ہے جبکہ بھارت جھوٹ کا سہارا لے رہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ سے قبل نئی دہلی کا موقف تھا کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے، لیکن اب عالمی برادری کے دباؤ پر بھارت کو یہ تسلیم کرنا پڑ رہا ہے کہ کشمیر درحقیقت ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔  
 
میڈیا سیل بلاول ہاؤس کے جاری کردہ بیان کے مطابق، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بیرون ملک کامیاب سفارتی دورے سے واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پر ہزاروں جیالوں اور لاکھوں شہریوں نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ لاکھوں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے عالمی برادری کے سامنے بھارت کی اشتعال انگیزیوں اور نریندر مودی کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کا وعدہ پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میدان جنگ میں شکست کھانے کے بعد بھارت نے سفارتی محاذ پر پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی لیکن ہم نے سفارتی سطح پر بھی بھارت کو شکست دی ہے اور بیانیے کی جنگ بھی جیت لی ہے۔  
 
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے کہنے پر سفارتی وفد کی قیادت کرتے ہوئے بیرون ملک دورہ کیا اور پاکستان کا پیغام امن اور کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر مؤثر طریقے سے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو سے لے کر صدر آصف علی زرداری تک، ہر دور میں پیپلز پارٹی نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔  
 
بلاول بھٹو نے عمران خان کے دور حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب کشمیر پر حملہ ہوا تو انہوں نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر کہا تھا کہ "میں کیا کروں؟" لیکن اس بار جب بھارت نے حملہ کیا تو پاکستان نے اس کے چھ جنگی جہاز گراکر جوابی کارروائی کی۔ بھارت اپنے جہازوں کے گرائے جانے کو تسلیم نہیں کر رہا تھا لیکن پوری دنیا نے اس حقیقت کو مان لیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ غلط فہمی تھی کہ پاکستان پرانی کمزور پالیسی پر چلے گا لیکن ہم نے اتحاد کے ساتھ ہر محاذ پر بھرپور جواب دیا۔  
 
چیئرمین پیپلز پارٹی نے دریائے سندھ کے معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے دریائے سندھ پر تاریخی حملہ کیا ہے لیکن اگر بھارت نے دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستان ایک اور جنگ کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدہ ماننا ہوگا کیونکہ تین دریا بھارت کے ہیں اور تین ہمارے۔ اگر بھارت نے معاہدہ تسلیم نہ کیا تو ہم جنگ لڑ کر چھوں کے چھ دریا لے لیں گے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب دریائے سندھ پر مودی نے حملہ کیا ہے تو سندھ کے "سیاسی یتیم" خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ان کے دھرنوں کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا ہے نہ کہ دریا کو بچانا۔  
 
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے بھی دریائے سندھ کے دفاع کے لیے تاریخی تحریک چلائی تھی اور پیپلز پارٹی نے وفاق کی غلط پالیسیوں کے خلاف مثبت موقف اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ، امریکا، برطانیہ اور یورپ میں دریائے سندھ کا مقدمہ بڑی کامیابی سے پیش کیا ہے۔  
 
آخر میں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو وائٹ ہاؤس میں دعوت دینے کو پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان دہشت گردی کا سرپرست ہوتا تو اس کے فوجی سربراہ کو وائٹ ہاؤس میں دعوت نہ دی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دعوت درحقیقت پاکستان کی عالمی سطح پر پذیرائی اور بھارت کی ناکامی کا اعتراف ہے۔
 
 
 
 
 
 
Comments

No comments yet.

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry