وفاقی بجٹ عوام دشمن، زراعت اور مزدوروں کو تباہ کرنے والا: خورشید شاہ
بلاول بھٹو دنیا کے سامنے بہترین سفارتکار اور لیڈر ثابت ہو رہے ہیں: خورشید شاہ"
لاہور : سابق اپوزیشن لیڈر اور وفاقی وزیر سید خورشید شاہ آج سینئر پارٹی رہنما نوید چودھری کے دفتر پہنچے، جہاں ان کا نوید چودھری اور عفران نوید چودھری نے گرمجوشی سے استقبال کیا۔ خورشید شاہ نے وفاقی بجٹ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کامیاب خارجہ پالیسی پر اہم وڈیو بیان جاری کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر بجٹ میں عوام کی خواہشات اور امنگوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے، لیکن موجودہ وفاقی بجٹ میں ٹیکس لگانے کے سوا کسی مسئلے کا حل پیش نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بجٹ میں مزدور، کسان، تاجر اور نوجوانوں سمیت کسی بھی طبقے کے مسائل حل نہیں کیے گئے۔ خورشید شاہ نے کہا، "میں 35 سال سے بجٹ بنتے اور پاس ہوتے دیکھ رہا ہوں، لیکن اس مرتبہ حکومت نے عوامی مفادات کو یکسر نظرانداز کیا ہے۔"
انہوں نے بجلی کے نئے ٹیکس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پہلے 300 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کی تھی، جسے اب ختم کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب حکومت بجلی کی سپلائی درست طریقے سے نہیں کر پا رہی تو عوام نے سولر سسٹمز لگائے، لیکن اب ان پر 18 فیصد جی ایس ٹی عائد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی لگا کر عوام کو مزید مشکلات میں ڈالا جا رہا ہے۔
خورشید شاہ نے مزدوروں اور سرکاری ملازمین کے لیے ناکافی تنخواہوں کے اضافے پر بھی ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، "حکومت نے محض 10 فیصد اضافہ کیا ہے، جو انتہائی ناکافی ہے، جبکہ ہمارے دور میں 135 فیصد تک تنخواہیں بڑھائی گئی تھیں۔" انہوں نے زراعت پر ٹیکسز کے منفی اثرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ریڑھ کی ہڈی کہلانے والے اس شعبے کو تباہ کر دیا گیا ہے، جس سے زراعت سے وابستہ 100 صنعتیں بھی متاثر ہوں گی۔
بلاول بھٹو زرداری کی خارجہ پالیسیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ دنیا میں بلاول بھٹو کا تعارف ایک بہترین پارلیمنٹیرین، سفارتکار اور سیاستدان کے طور پر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا، "بلاول بھٹو نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ بینظیر بھٹو کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے ڈپلومیسی اور سیاست اپنے والد آصف علی زرداری سے سیکھی ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے وقتوں میں بلاول بھٹو ایک بہترین سیاستدان ثابت ہوں گے اور ان شاء اللہ وہ اپنے نانا اور والدہ کی سیاست کو آگے بڑھائیں گے۔
No comments yet.