جمعہ ،5 جون 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

پیپلز لیبر بیورو انچارج چوہدری منظور نے خیبر پختونخواہ حکومت اور سندھ حکومت کے صوبائی بجٹوں کو بھی مسترد کر دیا

انچارج پیپلز لیبر بیورو نے ایک بار پھر اپنا مطالبہ دہرایا کہ بجٹ تجاویز پر نظرثانی کی جائے، تنخواہوں اور پنشن میں کم از کم پچاس فیصد اضافہ کیا جائے

Editor

11 ماہ قبل

Voting Line
پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر سی ای سی اور پیپلز لیبر بیورو پاکستان کے انچارج چوہدری منظور احمد نے آج پیش کیے جانے والے خیبر پختونخواہ حکومت اور سندھ حکومت کے صوبائی بجٹوں کو بھی مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا اور سندھ کے بجٹ کو ملازمین کے حوالے سے وفاقی بجٹ کی کاپی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں صوبائی حکومتوں نے بھی محنت کش طبقے اور سرکاری ملازمین کو مایوس کیا ہے۔
چوہدری منظور احمد نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کے برعکس تنخواہوں میں کیا جانے والا 12 فیصداضافہ بھی خاطرخواہ نہیں کم از کم 50فیصد اضافہ کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز لیبر بیورو کے چارٹر آف ڈیمانڈ جسے آج سینٹ آف پاکستان کے ایک معزز رکن شہادت حسین اعوان نے ایوانِ بالا میں بھی پیش کیا، پر عمل درآمد ہی مزدور و محنت کش اور تنخواہ دار طبقے کے مسائل کا حل ہے۔
انچارج پیپلز لیبر بیورو نے ایک بار پھر اپنا مطالبہ دہرایا کہ بجٹ تجاویز پر نظرثانی کی جائے، تنخواہوں اور پنشن میں کم از کم پچاس فیصد اضافہ کیا جائے اور تمام ایڈہاک الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے، ای او بی آئی پنشن میں سو فیصد اضافہ کیا جائے، سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ اور کنوینس الاؤنس میں مارکیٹ ریٹ کے مطابق اضافہ کیا جائے، ڈیتھ گرانٹ کو 8 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ اور شادی گرانٹ کو 4 لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کیا جائے تمام پرائیویٹائزیشن، آؤٹ سورسنگ اور اہم قومی اداروں جیسے یوٹیلیٹی اسٹورز، پاسکو، این ایف سی، پاک پی ڈبلیو ڈی اور اسٹیل مل وغیرہ کی بندش کے عمل کو فوری طور پر روکا جائے، یوٹیلیٹی اسٹورز کے 5000 ملازمین سمیت تمام برطرف ملازمین کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور تمام کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے جیسے پیپلز پارٹی کی حکومت نے کیا تھا-تمام صوبوں اور وفاق میں زرعی، صنعتی اور گھریلو ورکرز کو ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ میں رجسٹر کیا جائے جیسا کہ سندھ حکومت پہلے ہی کر چکی ہے اور شریک حیات پنشنر کی وفات کے بعد اس کی فیملی پنشن کو 10سال تک محدود کرنے کے ظالمانہ اور سنگدلانہ اقدام کو فوری طور واپس لیا جائے۔
Comments

No comments yet.

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry