جمعہ ،5 جون 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

حسن مرتضیٰ کا امریکہ اور اقوامِ متحدہ سے سوالات، وفاقی بجٹ اور زراعت کی تباہی پر شدید تنقید

حسن مرتضیٰ کا امریکہ اور اقوامِ متحدہ سے سوالات، وفاقی بجٹ اور زراعت کی تباہی پر شدید تنقید

Editor

11 ماہ قبل

 

حسن مرتضیٰ کا امریکہ اور اقوامِ متحدہ سے سوالات، وفاقی بجٹ اور زراعت کی تباہی پر شدید تنقید  
 
لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے جمعرات کو لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملکی و بین الاقوامی امور پر سخت موقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب صرف مذمتی بیانات دینے کا وقت گزر چکا ہے، بلکہ امریکہ سے سوالات کرنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے ایران پر بار بار حملوں اور فلسطین میں جاری بربریت پر عالمی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ دوہرا معیار ظاہر کرتا ہے۔  
 
انہوں نے اقوامِ متحدہ سے سوال کیا کہ کشمیر کا مسئلہ اس کی اپنی قراردادوں کے مطابق کیوں نہیں حل کیا جارہا؟ ان کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔ وفاقی بجٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے کیونکہ یہ عام آدمی کے مفادات کو مدِنظر رکھ کر نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے زراعت کے شعبے کو تباہ کردیا ہے اور زرعی ٹیکس لگانے سے یہ شعبہ مزید مشکلات کا شکار ہوجائے گا۔  
 
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ملک میں مہنگائی انتہائی سطح پر پہنچ چکی ہے، جہاں چیزوں کی قیمتیں سال میں چار بار بڑھ جاتی ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں شوگر مافیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ مافیا حکومت کی سرپرستی میں کام کررہا ہے۔ انہوں نے پانی کی شدید قلت کو بھی اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ زراعت کو پانی نہ ملنے سے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔  
 
انہوں نے عید پر پنجاب کی سڑکوں پر 32 کروڑ روپے کے عرقِ گلاب کے چھڑکاؤ کو فضول خرچی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بچوں کے لیے آنکھوں کی دوائیں دستیاب نہیں ہیں تو اس طرح کے اخراجات ناقابلِ قبول ہیں۔ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تشہیر پر بھی طنز کیا کہ انہیں تشہیر کا اتنا شوق ہے کہ کوڑے دان پر بھی ان کی تصویر لگی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اربوں روپے تشہیر پر خرچ کررہی ہے لیکن عملی کارکردگی صفر ہے۔  
 
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کے حقیقی اسباب تسلیم کرنے چاہئیں، چاہے وہ جنگ ہو یا ڈالر کی مہنگائی۔ انہوں نے چیئرمین سینٹ کی تنخواہ میں اضافے کو بھی غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سندھ کے مزدوروں کے حقوق کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تو یہ ظلم ہوگا۔  
 
آخر میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بجٹ پاس کروانے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے اور اتحادیوں سے مشاورت کے بغیر یہ بجٹ پیش کیا گیا ہے، جو جمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ اپنے اتحادیوں کا ساتھ چھوڑ دے، لیکن وہ عوامی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
 
 
 
 
 
 
Comments

No comments yet.

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry