سابق ایم پی اے پنجاب ثانیہ کامران کی جانب سے عیدالاضحیٰ پر قوم کو مبارکباد اور یکجہتی، ایثار و قربانی کا پیغام
عیدالاضحیٰ ایثار، قربانی، ہمدردی اور یکجہتی کا درس دیتی ہے۔
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ کامران نے عیدالاضحیٰ کے بابرکت موقع پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ایثار، قربانی، ہمدردی اور یکجہتی کا درس دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ایثار و قربانی کی روح سے سبق سیکھنے اور اسے اپنی زندگیوں میں اُتارنے کی ضرورت ہے۔ آج کے دن ہمیں معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کا سہارا بننے کا عزم کرنا چاہیے۔ عید کے موقع پر قربانی کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ وعدہ بھی کرنا چاہیے کہ ہم اپنے آس پاس موجود ہر محتاج، بیمار، غریب اور مسکین فرد کا خیال رکھیں گے۔
ثانیہ کامران نے زور دیا کہ ہمیں اپنے رویّوں میں قربانی، محبت، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔ بطور قوم ہمیں ایک دوسرے کا سہارا بن کر، ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہو کر پاکستان کو ایک عظیم اور خوشحال ملک بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ ہم دلوں کو نفرت، تعصب اور تقسیم سے پاک کریں گے اور خلوصِ نیت سے ملک و ملت کی ترقی اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
ثانیہ کامران نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں محروم طبقے کو ہرگز نہ بھولیں، خصوصاً ان افراد کو جو غربت، قدرتی آفات یا دیگر مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک ترقی پسند، مساوات پر مبنی اور فلاحی پاکستان کے قیام کے لیے پرعزم ہے جہاں ہر فرد کو برابر کے حقوق اور مواقع میسر ہوں۔
آخر میں انہوں نے دعا کی:
"اللہ تعالیٰ ہماری قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے، اور ہمیں ایک متحد، مضبوط اور خوشحال قوم بننے کی توفیق دے۔ آمین۔"۔
No comments yet.