اسلام آباد (نیوز ڈیسک)
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستان کی خودمختاری، قومی غیرت اور دفاعی طاقت کی علامت قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "یومِ تکبیر پر ہم اُن تمام محبِ وطن ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کو جوہری طاقت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔"
سلیم مانڈوی والا نے شہید قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "بھٹو شہید نے قوم کو ایٹمی طاقت بننے کا وژن دیا، جو آج پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کی ضمانت بن چکا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے نہ صرف جوہری پروگرام کو محفوظ بنایا بلکہ اسے مضبوط بنیادوں پر استوار کیا، تاکہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہو۔"
سینیٹر مانڈوی والا نے کہا کہ "پاکستان کا ایٹمی دفاع شہداء کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے، اور آج بھی پوری قوم شہید بھٹو کے وژن پر فخر کرتی ہے۔"
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ ایک خوددار، مضبوط اور پرامن پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور رہے گی۔
"ہم صرف دفاع پر نہیں بلکہ معیشت، جمہوریت، اور انصاف کی بالادستی پر بھی یقین رکھتے ہیں، کیونکہ ایک مضبوط پاکستان صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ انصاف، ترقی اور اتحاد سے بنتا ہے۔"
آخر میں انہوں نے کہا کہ "یومِ تکبیر ہمیں قومی اتحاد، ترقی اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ آئیں، اس دن ہم عزم کریں کہ ہم پاکستان کی ترقی اور خودمختاری کے لیے مل کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔"
No comments yet.