یوم تکبیر: بھٹو خاندان کی قربانیوں نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا، حسن مرتضی
یوم تکبیر: بھٹو خاندان کی قربانیوں نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا، حسن مرتضی
لاہور:۔ یوم تکبیر ہمیں ملکی سالمیت اور خود مختاری پر کسی قسم کے سمجھوتے نہ کرنے کا درس دیتا ہے۔ یہ بات پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضی نے آج یوم تکبیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 27 برس قبل کیے جانے والے ایٹمی دھماکوں کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی، جس کی بدولت آج پاکستان کی سرزمین محفوظ ہے۔
حسن مرتضی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ شہید بھٹو کے شروع کیے گئے ایٹمی پروگرام کی وجہ سے آج پاکستان دشمنوں کے لیے ناقابل تسخیر ہے۔ انہوں نے شہید بینظیر بھٹو کے دور میں میزائل ٹیکنالوجی کے فروغ کو بھی یاد کیا اور کہا کہ بی بی شہید کی دوراندیشی کی وجہ سے آج پاکستان جدید دفاعی صلاحیتوں سے لیس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو خاندان کی تیسری نسل آج بھی بیرونی محاذ پر ملک کا دفاع کر رہی ہے۔ فضائیہ کے جدید طیارے جے ایف 17 تھنڈر اور دیگر دفاعی صلاحیتیں بھی شہید بینظیر بھٹو کے وژن کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر کھڑے ہمارے جوانوں سے لے کر جدید ٹینکوں اور توپوں تک، یہ سب پیپلز پارٹی کی قیادت میں حاصل ہونے والی کامیابیاں ہیں۔
حسن مرتضی نے کہا کہ آج جس مضبوط دفاعی نظام پر ہمیں فخر ہے، وہ پیپلز پارٹی کی قربانیوں اور شہادتوں کی دین ہے۔ انہوں نے 28 مئی 1998 کے ایٹمی دھماکوں کو خطے میں طاقت کا توازن بحال کرنے کی اہم کوشش قرار دیا۔ آخر میں انہوں نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے سائنسدانوں اور مسلح افواج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
No comments yet.