بلاول بھٹو زرداری کا پنجاب میں طوفانی بارش سے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس
انہوں نے تمام پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں اور متاثرہ شہریوں کی مدد کو اپنا فرض سمجھیں۔
لاہور، 25 مئی 2025 — پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے بارش کے دوران مختلف حادثات میں جان سے جانے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، "میں ان تمام خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں جنہوں نے اپنے پیارے کھوئے۔ میری ہمدردیاں ان شہریوں کے ساتھ بھی ہیں جن کے گھروں اور املاک کو نقصان پہنچا۔"
چیئرمین پیپلز پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں فوری اور بلا امتیاز امدادی سرگرمیوں کو یقینی بنایا جائے اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا، "بارش کی وجہ سے شہریوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔"
بلاول بھٹو زرداری نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بارش زدہ علاقوں میں بجلی کی فوری بحالی کو یقینی بنایا جائے اور نشیبی علاقوں سے پانی کے فوری اخراج کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کے زیرِ اثر ہے، جس کے باعث غیر متوقع اور شدید موسموں کا سامنا ہے۔ اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔
آخر میں انہوں نے تمام پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں اور متاثرہ شہریوں کی مدد کو اپنا فرض سمجھیں۔
No comments yet.