جمعہ ،5 جون 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

وزیراعظم شہباز شریف کا کاروباری رہنماؤں سے ملاقات، معاشی ترقی کے لیے مکمل عزم کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف کا کاروباری رہنماؤں سے ملاقات، معاشی ترقی کے لیے مکمل عزم کا اظہار

Editor

ایک سال قبل

 
 
وزیراعظم شہباز شریف کا کاروباری رہنماؤں سے ملاقات، معاشی ترقی کے لیے مکمل عزم کا اظہار
 
اسلام آباد :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کے صدور کے وفد سے ملاقات کی جس میں معاشی ترقی، کاروباری مسائل اور صنعتی شعبے کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران زور دے کر کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد اب معاشی میدان میں تاریخ ساز فتح کے لیے حکومت اور قوم متحد ہو کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے باہمی اشتراک سے پاکستان انشاء اللہ جلد دنیا کی معاشی طاقتوں میں شامل ہوگا۔  
 
وزیراعظم نے معاشی خود انحصاری کے حصول کے لیے نجی شعبے کو فعال کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری کے حقوق کا تحفظ اور انہیں منافع بخش کاروباری ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں جن میں کاروبار کی لاگت میں کمی، آسان کاروباری پالیسیوں کا نفاذ، قرضوں تک رسائی میں آسانی اور بجلی کے نرخوں میں معقولیت شامل ہیں۔  
 
وزیراعظم نے ٹیکس چوری کو معیشت کے لیے زہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے ملکی صنعتوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاشی ترقی کا بنیادی ستون ہے۔ خواتین کاروباری افراد کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کاروباری افراد ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور حکومت انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔  
 
وفد نے معرکہ حق میں کامیابی پر وزیراعظم اور پاک فوج کو مبارکباد پیش کی۔ وفد کے اراکین نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سٹاک ایکسچینج کی بہتر کارکردگی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ ملک معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے ایف بی آر کی اصلاحات کو سراہتے ہوئے مزید کاروبار دوست اقدامات کی تجاویز پیش کیں۔ وفد نے اگلے مالی سال کے لیے اپنی بجٹ تجاویز بھی پیش کیں جن پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ کو غور کرنے کی ہدایت کی۔  
 
ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر ترقی و منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وزیر صنعت رانا تنویر حسین، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر ریلویز حنیف عباسی، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور معاون خصوصی ہارون اختر سمیت متعدد اعلیٰ حکومتی عہدیداران موجود تھے۔
Comments

No comments yet.

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry