آج افواجِ پاکستان کی بہادری اور جرات کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے: بلاول بھٹو زرداری
آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی نے خطے میں بھارت کی مصنوعی عسکری برتری کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔
اسلام آباد (16 مئی 2025): پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آپریشن بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی پر ملک کے عوام اور افواجِ پاکستان کو تہِ دل سے مبارکباد پیش کی ہے۔
چیئرمین بلاول نے اپنے بیان میں کہا، “آج افواجِ پاکستان کی بہادری اور جرات کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ جب بھی وطن عزیز کی بقا پر حرف آیا، ہم سب متحد اور بلند حوصلہ رہے ہیں، اور آئندہ بھی ہمیشہ یوں ہی رہیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی نے خطے میں بھارت کی مصنوعی عسکری برتری کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔ آج ثابت ہو چکا ہے کہ فضاؤں سے سمندروں تک اور بلند و بالا پہاڑوں سے میدانوں تک پاکستان کی برتری ہے۔”
بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی حملے کو “بزدلانہ” قرار دیتے ہوئے کہا، “بھارت کے اس حملے کی ناکامی نے پوری دنیا میں ہندوستانی حکومت کو رسوا کر دیا ہے۔ ہم پرامن ہیں، مگر جو ٹکرائے گا اسے کاری جواب ملے گا۔”
چیئرمین بلاول نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے اعلان کیا، “ہم اپنے آبی حقوق پر کسی بھی قسم کے حملے کا بھرپور دفاع کریں گے۔” قوم اس دن کو یومِ تشکر کے طور پر منائیں اور شہیدوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔
No comments yet.