کوہستان میں 40 ارب روپے کی بڑی مالی بدعنوانی! پیپلز پارٹی نے فنانس ڈیپارٹمنٹ پر نگرانی سے گریز کا سنگین الزام عائد کردیا
سید محمد علی شاہ باچا کا عوام سے اپیل: 26 مئی کو صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں
سید محمد علی شاہ باچا کا عوام سے اپیل: 26 مئی کو صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں
پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ایم پی اے احمد کریم کنڈی نے ضلع کوہستان میں 40 ارب روپے کی مالی بدعنوانی کے معاملے پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے دوران شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فنانس ڈیپارٹمنٹ نے جان بوجھ کر ایک ایسا پول بنایا جس کی مؤثر نگرانی ممکن نہیں تھی۔ انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم مجرموں کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ ضلع کوہستان میں اس وقت ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کون تھا؟ ڈویژنل اکاؤنٹس آفیسر کون تھا؟ اور وہ ایس ڈی او کون تھا جس نے یہ چیکس جاری کیے؟ انہوں نے اس پول کے قیام کے پیچھے موجود مشکوک مقاصد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں کی ریٹینشن منی اس پول میں جمع ہو رہی تھی، بجائے اس کے کہ الگ الگ رکھی جاتی، اور یہ کام جان بوجھ کر کیا گیا۔
دوسری جانب، پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر خیبرپختونخوا سید محمد علی شاہ باچا نے ضلع کوہستان میں 40 ارب روپے کی بڑے پیمانے پر ہونے والی کرپشن پر عوامی حلقوں میں پھیلی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے بدعنوانی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک ضلع میں اس قدر بڑی بدعنوانی کا سامنے آنا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ موجودہ حکومت نہ صرف نااہل ہے بلکہ بدعنوانی کی سرپرستی کرنے میں ملوث نظر آتی ہے۔
سید محمد علی شاہ باچا نے اس سنگین مسئلے پر عوامی ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صوبے کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 26 مئی 2025 کو دوپہر 2 بجے صوبائی اسمبلی کے سامنے ہونے والے احتجاج میں بڑی تعداد میں شریک ہوں۔ یہ احتجاج پیپلز پارٹی کی جانب سے "صوبہ بچاؤ مہم" کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام کو کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنے اور صوبے کو بدعنوان عناصر سے بچانے کے لیے متحرک کرنا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوامی شرکت سے ہی اس ناانصافی اور بدعنوانی کے خلاف مؤثر طریقے سے مزاحمت کی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت صوبے کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور ایک شفاف حکومت کے قیام کے لیے اٹھ کھڑے ہونے کا ہے۔
No comments yet.