چیئرمین سینیٹ آف پاکستان، روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی چیئرپرسن ویلنٹینا ماتویینکو کی دعوت پر سرکاری دورے پر ماسکو پہنچ گئے
پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری اور قربانیاں قومی سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہیں، یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینیٹ آف پاکستان سید یوسف رضا گیلانی ، روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی چیئرپرسن ویلنٹینا ماتویینکو
کی دعوت پر سرکاری دورے پر آج ماسکو پہنچے،دورے کا مقصد پارلیمانی تعاون کو مزید مستحکم بنانا اور پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔
فیڈریشن کونسل میں روس-پاکستان فرینڈشپ گروپ کے سربراہ ولادیمیر چیزوف کا پرتپاک استقبال دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات اور ادارہ جاتی روابط کو بڑھانے کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر روس میں مندوب پاکستانی سفیر خالد محمود جمالی بھی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے۔سفارتخانے کے سینئر افسر بھی موجود تھے
اپنے قیام کے دوران چیئرمین سینیٹ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے، جس میں ماتویینکو سے باضابطہ ملاقات بھی شامل ہے، بات چیت میں پارلیمانی تبادلوں کو بڑھانے، تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے،توانائی، علاقائی روابط اور سیکیورٹی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کی تلاش پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین گیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور روس پارلیمانی تعلقات مضبوط اور باہمی احترام پر استوار ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سپیکر ماتویینکو نے اس سے قبل پاکستان کا دورہ کیا تھا اور پارلیمنٹ سے خطاب کیا تھا جس نے دوطرفہ افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
چیئرمین گیلانی نے اپنے انٹرویو میں علاقائی امن کی حمایت میں روس کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں بات چیت اور استحکام کو فروغ دینے میں روس سمیت بین الاقوامی برادریکے تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے میں عالمی برادری نے کلیدی کردار ادا کیا، تمام دوست ممالک چین، امریکہ، روس ترکی آذربائیجان، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، ایران اور دیگر دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس مُشکل گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے رہیں۔
انہوں نے موجودہ حکومت کے تحت پاکستان کے کامیاب خارجہ پالیسی اقدامات پر روشنی ڈالی، جس نے ملک کی عالمی حیثیت کو بڑھایا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کو قومی سلامتی اور علاقائی امن کو یقینی بنانے میں ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے اپنے انٹرویو کے دوران فیڈریشن کونسل کی طرف سے دی گئی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موثر پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے روس کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان پُرعزم ہے ۔
یہ دورہ دو طرفہ مصروفیات کو آگے بڑھانے میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے اور متعدد شعبوں میں وسیع البنیاد اور مستقبل کے حوالے سے تعاونمیں دونوں ممالک کی مشترکہ دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔
No comments yet.